خبرنامہ پنجاب

تحریک انصاف کاپنجاب میں رینجرز آپریشن کا مطالبہ

اسلام آباد(آئی این پی)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی جہانگیر ترین نے پنجاب میں دہشتگردی اور کرپشن کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے رینجرز آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی،دہشتگردی ختم نہیں ہوسکتی،رائیونڈ تشدد کرنے نہیں،احتجاج ریکارڈ کروانے جارہے ہیں،سب سے پہلے پانامہ لیکس کا معاملہ حل کرنے کی ضرورت ہے۔وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ رینجرز سندھ میں کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ توڑ رہے ہیں،آرمی چیف کے بیان کی تائید کرتے ہیں،جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی،دہشتگردی ختم نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ پٹواری کوپکڑنے کا کوئی فائدہ نہیں،جب تک بڑے لوگ نہیں پکڑے جائیں گے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوسکتا،شفاف احتساب بے حدضروری ہے،یہی تحریک انصاف کا موقف ہے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ آرمی چیف نے جو بات کی وہ ہر پاکستانی کی دل کی آواز ہے،پانامہ لیکس کا معاملہ سب سے پہلے حل ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 126دن کا دھرنا دیا،ایک گملا بھی نہیں ٹوٹا،تحریک انصاف پر امن جماعت ہے،ہم رائیونڈ تشدد کرنے نہیں احتجاج ریکارڈ کرنے جارہے ہیں،جہانگیر ترین نے کہا کہ پنجاب میں دہشتگردی اور کرپشن کو پولیس کی سپورٹ حاصل ہے،نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب ہو یا سندھ جہاں بھی رینجرز کی ضرورت ہے بلایا جائے۔(خ م+ار)