اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف نے این اے 267 جھل مگسی میں ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے پر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات کرانے اور عدالتی افسران کو آر اوز اور ڈی آر اوز لگانے کا مطالبہ کر دیا۔ منگل کو تحریک انصاف کے چیئرمین کی ترجمان اور قومی اسمبلی میں پارٹی کی چیف وہیپ شیریں مزاری کی طرف سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ حلقے میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ضروری ہے کہ فوج تعینات کی جائے کیونکہ صوبائی انتظامیہ کی غیر جانبداری مشکوک ہے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان سہیل چٹھہ کے وزیر اعلیٰ ثناء اللہ زہری سے براہ راست مراسم اور تعلقات کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں اس لئے حکومتی اثرورسوخ سے الیکشن کو بچانے کیلئے حلقے میں عدالتی عملے کو آر او اور ڈی آر او لگایا جائے اور تمام پولنگ سٹاف جھل مگسی کی بجائے دیگر اضلاع کا ہونا چاہیے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے۔(اح+ع ع)