خبرنامہ پنجاب

تحریک انصاف کا پاورشو،لاہورسیل، راستے بند، شہری پریشان

لاہور(آئی این پی) تحریک انصاف آج لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے، شاہدرہ سے چیئرنگ کراس تک ریلی کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی ،رات گئے مال روڈ کو جانے والے تمام راستوں پر کنٹینر رکھ کر انہیں آمد و رفت کے لئے بند کردیا گیا، راستے سیل ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،موہنی روڈ اور داتا دربار کے ارد گرد کے راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی ہیں، وارث روڈ، کوئنز جناح،ڈیوس روڈ اور ریس کورس روڈ پر بھی کنٹینر پہنچا دیئے گئے ہیں۔گورنر ہاو¿س سے چائنہ چوک تک بھی ہر طرف کنٹیرنر ہی کنٹینر نظر آرہے ہیں۔ عمران خان لاہور کے زمان پارک سے ریلی میں شرکت کے لئے شاہدرہ پہنچیں گے ، پی ٹی آئی چیئرمین شاہدرہ، بھاٹی گیٹ ، جی پی او چوک اور چیئرنگ کراس پر خطاب کریں گے۔ پاکستان مارچ کے لئے تحریک انصاف کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، چیئرنگ کراس پر ساؤنڈ سسٹم لگادیا گیا ہے، مال روڈ پر ہرطرف بینر اور پارٹی پرچم نظر آرہے ہیں۔مارچ کا آغاز دوپہر بارہ بجے شاہدرہ سے ہوگا، تحریک انصاف کے سیکڑوں کارکن سیکیورٹی کے فرائض بھی انجام دیں گے جماعت اسلامی، مسلم لیگ ق اور عوامی تحریک کے کارکن بھی مارچ میں شرکت کریں گے۔ریلی کے راستوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتطامات کئے گئے ہیں، میٹرو بس سروس کو بھی گجو متہ سے ایم اے او کالج چوک تک محدود کردیا گیا ہے۔