خبرنامہ پنجاب

تحریک انصاف کو اسلام آباد میں پرامن طریقے سے یوم تاسیس منانے کی اجازت دی گئی:چوہدری نثار

نیویارک (آئی این پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اسلام آباد میں پرامن طریقے سے پارٹی کا یوم تاسیس منانے کی اجازت دی گئی ہے اور اس بارے میں عمران خان کے ساتھ پاکستان سے لندن آتے ہوئے تفصیلی بات چیت ہوئی تھی‘ وزیراعظم نواز شریف کی صحت اب پہلے سے بہتر ہے اور وہ جلد وطن واپس پہنچ جائیں گے۔وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے موقع پر لندن سے نیویارک پہنچنے پر اخبار نویسوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کے علاج اور صحت یابی کے حوالے سے سوال پر کہا کہ میں ڈاکٹر تو نہیں کہ ان کی صحت کے حوالے سے اپ ڈیٹ دوں تاہم میری معلومات کے مطابق اب ان کی صحت بہتر ہے اور وہ جلد وطن واپس چلے جائیں گے۔ وزیراعظم کی وطن واپسی کے حوالے سے ان کے ترجمان بھی بیان دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک آمد کا مقصد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنی ہے جس میں پاکستان میں انسداد منشیات کے لئے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا اور ایسی کانفرنس بیس سال بعد منعقد ہورہی ہے اور اس کی اہمیت کے پیش نظر میں شرکت کرنے آیا ہوں۔ عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لاہور سے لندن آتے ہوئے طیارے میں ملاقات ہوئی تھی اور عمران خان نے یقین دلایا تھا کہ 24اپریل کو اسلام آباد میں پارٹی کے یوم تاسیس کا جلسہ پرامن طریقے سے منعقد کیا جائے گا اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ اور تحریک انصاف کے درمیان رابطے ہوچکے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو انہوں نے دھرنا کرنے کی کوئی بات کی اور نہ ہی کوئی دھرنا دینے کی اجازت دی جائے گی۔ (ط س/ع ع)