خبرنامہ پنجاب

تحریک انصاف کے جلسہ میں خواتین سے بدتمیزی کا معمہ حل

اسلام آباد:(آئی این پی) تحریک انصاف کے جلسہ میں خواتین سے بدسلوکی کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال کردی گئی ہے جس میں خاتون ایس پی پر ذمہ داری عائد کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کو ارسال کی گئی رپورٹ وفاقی ادارے کی جانب سے تیار کی گئی ہے جس کے مطابق خاتون ایس پی عمارہ اطہر کی خواتین انکلوژر کی جانب ڈیوٹی لگائی گئی تاہم وہ جلسہ ختم ہونے سے پہلے ہی وہاں سے چلی گئی تھیں۔ ایس پی کے چلے جانے کے بعد دیگر خواتین پولیس اہلکار بھی وہاں سے آہستہ آہستہ نکلنا شروع ہوگئیں۔ خواتین انکلوژر میں سیکیورٹی انتظامات ختم ہونے کے بعد خواتین سے بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا۔ رپورٹ میں عمارہ اطہر کے خلاف سخت انکوائری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔