فیصل آباد (ملت + آئی این پی) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن شان رسالت، شان اہل بیت اور شان قر آن مجید کی بے حرمتی برداشت نہیں کرسکتے۔سوشل میڈیا پر گستاخیاں روکنے کیلئے ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ،جسٹس شوکت عزیز نے ناموس رسالت کے دفاع کیلئے سوئی ہو ئی وزارت داخلہ کو جگا دیا ہے وہ جمعرات کو میاں فہیم اختر کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ شان رسالت اور شان اہل بیت میں گستاخیاں کرنے والے سب سے بڑے دہشتگرد ہیں۔ سوشل میڈیا پر گستاخیاں کرکے ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ جسٹس شوکت عزیز ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے فیصلہ سناکر ثابت کردیں کہ اس ملک میں سیکولر ازم کی کو ئی گنجائش نہیں۔حکمران پاکستان کو لادین ریاست بنانا چاہتے ہیں جو کبھی ممکن نہیں ہوسکتا۔ ریاست پاکستان کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے۔ ریاست مدینہ کے بعد پاکستان دنیا کی پہلی ریاست ہے جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی۔ گستاخ رسول کی سزا آئین پاکستان میں واضح کی گئی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کیلئے حدودو قیود کا تعین کرنا ہوگا۔ نواز شریف کے خلاف پوسٹ کرنے والے کو راتوں رات اٹھا لیا جاتا ہے جبکہ شعائر اسلام کا مذاق اڑانے والوں کو پوچھنے والا کو ئی نہیں۔ کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والوں کے خلاف کاروائی نہ ہونا المیہ ہے۔ پاکستان میں قانون صرف غریب کیلئے ہے۔ حکومت نے ذمہ داران کے خلاف کاروائی نہ کی تو غازی ممتاز قادری جیسے ہیرو پھر منظر عام پر آسکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گستاخ پیجز بلاک اور پیچ مالکان کو عبرت کا نشان نہ بنانا حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے۔