لاہور: (ملت+اے پی پی) پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کی 163 ترقیاتی سکیموں کے لئے رکھے گئے 2 ارب روپے کے فنڈز نکال کر لاہور کینال روڑ پر لگانے کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کی جن ترقیاتی سکیموں کے پیسے نکالے گئے ان میں سکولز، ہسپتالوں اور سیوریج کی سکیمیں شامل ہیں۔ فنڈز لاہور کی سڑکوں کو وسعت دینے کے لئے جاری کئے گئے ہیں۔ کینال بینک روڑ پر ڈاکٹرز ہسپتال تا ٹھوکر نیاز بیگ، مال روڑ تا ہربنس پورہ، چوبچہ انڈر پاس اور ڈاکٹرز ہسپتال تا مال روڑ تک وسعت دینے کے لئے پراجیکٹ کا فیز ٹو شروع کر دیا گیا ہے۔ فنڈز جاری کرنے کیلئے تمام تر رولز ریلیکس کئے گئے اور اعلیٰ حکومتی عہدیدار کے حکم پر چیئرمین پی اینڈ ڈی جہانزیب خان اور سیکرٹری خزانہ کی جانب سے منصوبہ بندی کی گئی۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع لیہ، ڈی جی خان، بہاولنگر، وہاڑی، خانیوال اور راجن پور وغیرہ کے دیہی وشہری علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرومرمت، سکولز اور ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی ودیگر 64 ترقیاتی سکیموں کیلئے فنڈز رکھے گئے تھے، سارا معاملہ انتہائی خفیہ رکھا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے لاہور کی سڑکوں کو وسعت دینے کے پراجیکٹ کے فیز ٹو کیلئے 2 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ اسی پراجیکٹ کیلئے 5 ارب 12 کروڑ 83 لاکھ روپے کی منظوری 22 اپریل 2016ء کو دی گئی تھی۔ منصوبے کی تکمیل کیلئے 1 ارب 40 کروڑ 50 لاکھ کے فنڈز گزشتہ مالی سال میں جاری ہوئے تھے، وہ بھی سپلیمنٹری گرانٹ سے دئیے گئے تھے، جس کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام تر رولز ریلیکس کرتے ہوئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔ رواں مالی سال اس منصوبے کیلئے خصوصی بجٹ نہیں رکھا گیا۔ مارچ 2016ء میں خفیہ فیصلہ کے تحت دیگر ترقیاتی سکیموں سے فنڈز نکال کر اس منصوبے کے لئے فنڈز جاری کر دیے گئے جبکہ باقی اخراجات لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے )خود اٹھائے گی اس حوالے سے محکمہ ترقیاتی و منصوبہ بندی حکام کا کہنا ہے کہ لاہور کی سڑکوں کو وسعت دینے کے لئے دو ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ پی اینڈ ڈی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ فنڈز کس مد سے دیے گئے، اس بارے تفصیلات سے آگاہ نہیں کر سکتے جبکہ جنوبی پنجاب کی بعض سکیموں پر کام جاری ہے۔ محکمہ خزانہ پنجاب حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں سڑکوں کو وسعت دینے کے لئے فنڈز کی منظوری پہلے ترقیاتی بورڈ نے دیکر سمری وزیراعلیٰ کو بھجوائی جہاں سے منظوری کے بعد فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔