خبرنامہ پنجاب

ترقی کا سفرروکنا ملک دشمنی کےمترادف ہے: شہبازشریف

لاہور:(آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کی خاطر ترقی کا سفر روکنے کی کوشش ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔ کہتے ہیں ملک وقوم کی خاطرایسے عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ۔ ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے منتخب نمائندوں کے وفد سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2014ء میں بھی دھرنا سیاست نے ملک و قوم کا بے پناہ نقصان کیا اب ایک بار پھر بعض سیاسی عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو روکنا چاہتے ہیں احتجاج کرنے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ایک طرف خدمت ، دیانت اور محنت ہے ، دوسری طرف الزام تراشی ، جھوٹ اور انتشار کی سیاست ، ملک و قوم کی خاطرایسے عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوا جس میں عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کی سربراہی میں ورلڈ بنک کے اعلیٰ سطح کے وفد نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں پنجاب میں عالمی بنک کے تعاون سے جاری پروگراموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔