خبرنامہ پنجاب

توانائی منصوبوں کوجلدازجلد مکمل کیاجائےگا:شہباز

لاہور(آئی این پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی لندن سے 3 گھنٹے طویل ویڈیو کانفرنس ، کہتے ہیں توانائی کے منصوبوں کو برق رفتاری سے مکمل کیا جائے گا اور 2018ء میں ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لندن سے 3 گھنٹے طویل ویڈیو کانفرنس کی جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خد و خال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اس موقعہ پر محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبے کی تیز رفتار ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، سالانہ ترقیاتی پروگرام عوامی امنگوں اور عام آدمی کو اس کی دہلیز پر سہولتوں کی فراہمی کا عکاس ہونا چاہیئے ۔ ایسے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے جن سے زیادہ سے زیادہ آبادی مستفید ہو ۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ توانائی کے منصوبوں کو برق رفتاری سے مکمل کیا جائے گا ۔ 2018ء میں ملک سے اندھیرے چھٹ جائیں گے ۔