خبرنامہ پنجاب

جسٹس منصورعلی شاہ نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کےعہدےکا حلف اٹھالیا

لاہور: ( آئی این پی) جسٹس سید منصور علی شاہ نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھالیا، گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے ان سے حلف لیا، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، اٹارنی جنرل سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے حلف بردار ی کی تقریب میں شرکت کی۔ منگل کو سینئر جج جسٹس سید منصور علی شاہ نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا حلف اٹھالیا۔ سید منصور علی شاہ نے لاہور ہائی کورٹ کے 45ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا ، گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے ان سے حلف لیا۔گورنر ہاؤس لاہور میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی حلف برداری کی تقریب ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال، لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان اور سینئر وکلا شریک ہوئے۔ حلف اٹھانے کے بعد وزیراعلیٰ شہبازشریف اور دیگر ججز صاحبان کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔(اح)