خبرنامہ پنجاب

جعلی عاملہ کا 15 بچے کو کوئلوں پر بٹھانے کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس پنجاب اسمبلی میں جمع

لاہور (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے جعلی عاملہ کا 15 بچے کو کوئلوں پر بٹھانے کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کیا یہ درست ہے کہ کھیالی شاہ پور کے رہائشی محنت کش کرامت حسین کا 15 سالہ بیٹا ناصر کافی عرصے سے بیمار تھا جس کے علاج معالجے کے لیے وہ کھیالی کی عاملہ یاسمین کے پاس علاج کے لیے لے گئے۔ یاسمین نے بچے میں جن کے اثرات بتائے اور کہا کہ کوئلہ جلا کر تعویذ جلائے جس کے بعد بچہ ٹھیک ہوجائے گا، مگر عاملہ نے تعویذ کے بجائے بچے کو جلتے کوئلوں پر بٹھا دیا جس سے بچے کا نچلا دھڑ بری طرح جھلس گیا۔ بچے کے والدین اسے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے گئے۔ بچے کے والد کرامت حسین کا کہنا ہے ان کے منع کرنے کے باوجود عاملہ نے بچے کو جلایا۔ ان جعلی پیروں کے غیر انسانی سلوک، تشدد اور ناقص مشوروں کی وجہ سے کئی افسوسناک حادثات پیش آچکے ہیں۔ اس معاملے میں حکومت نے اب تک کیا اقدامات کئے ہیں، ایوان کو مکمل تفصیل سے آگاہ کیا جائے؟۔