خبرنامہ پنجاب

جمعیت طلباء اسلام کی جانب سے کوئٹہ میں تحفظ مدارس ریلی کاانعقاد

کوئٹہ(ملت + آئی این پی )جمعیت طلباء اسلام کی جانب سے کوئٹہ میں تحفظ مدارس ریلی کاانعقاد کیاگیا جس کی قیادت جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولاناولی محمدترابی ،جے ٹی آئی کے حافظ طاہر ودیگر کررہے تھے ،کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ولی محمدترابی ،حافظ طاہر ودیگر نے کہاکہ مدارس پر چھاپے اورانہیں سیل کرنے کاسلسلہ گزشتہ چھ ماہ سے تسلسل کے ساتھ جاری ہے اس سلسلے میں جمعیت علماء اسلام اور جمعیت طلباء اسلام کے رہنماء وزیراعلیٰ بلوچستان ،کمشنر کوئٹہ ڈویژن ڈپٹی کمشنر اوردیگر حکام کوتحفظات سے آگاہ کرچکے ہیں مگر بدقسمتی سے ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی جو قابل افسوس ومذمت ہے نہ صرف کئی ماہ سے بند مدارس ابھی تک سیل ہے بلکہ طلباء کی گرفتاری کاسلسلہ بھی جاری ہے ہمیں ہمارا قصور بتایاجائے انہوں نے کہاکہ مدارس کوبند کرکے علماء اورطلباء کو دیوار سے لگانے کاسلسلہ ترک کیاجاناچاہئے بصورت دیگر احتجاج کی راہ اپنائی جائیگی ہمیں احتجاج کاشوق نہیں مگر حکومت اور انتظامیہ ہمیں احتجاج کی راہ اپنانے پرمجبور کررہی ہیں اگر گرفتاریوں اورمدارس کو سیل کرنے کاسلسلہ نہ رکا تو میدان عمل میں نکل کر نظام کو جام کردینگے انہوں نے ڈاکٹرسرفراز کی یاد میں آج ہونیوالے پروگرام میں جے ٹی آئی کے کارکنان کو بھرپورشرکت کرنے کی بھی تاکید کی ۔اس سے قبل جمعیت طلباء اسلام کی ریلی صوبائی دفتر سے شروع ہوئی جس کے شرکاء نے مختلف شاہراہوں کا گشت بھی کیا ۔