لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورسابق گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ جمہوریت اور وفاق کی مضبوطی کیلئے پار لیمنٹ کو مضبوط کر نا ہوگا ‘سیاسی جماعتوں کو ذاتی اورسیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک اور قوم کیلئے سوچنا چاہیے ‘پوری قوم ملک میں شفاف احتساب کے معاملے پر متحد ہے ‘حکمرانوں کو اپنی تر جیحات ملک اور قوم کے مفادات کو سامنے رکھ کر بنانا ہونگیں تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے ‘تحر یک انصاف اصولوں کے مطابق سیاست کر رہی ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا ئیگا ۔ جمعہ کو پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمدسرور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تحر یک انصاف افواج پاکستان کیساتھ ہے کسی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا اور اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ دہشت گردی اور کر پشن دونوں ملک کیلئے ناسو بن چکے ہیں جن کو ہر صورت ختم کر نا ہوگا ۔ انہوں نے کہاعمران خان ہی اس ملک کو بحرانوں سے نجات دلا سکتے ہیں‘ تحر یک انصاف عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور ملک میں کر پشن کے خاتمے اور عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نجات دلانے کی جنگ لڑ رہی ہے جس میں انشاء اللہ کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کہ ذمہ داری ہے وہ پار لیمنٹ کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کر یں ۔