خبرنامہ پنجاب

جنرل ہسپتال ایمرجنسی میں ادویہ ساز کمپنیوں کے نمائندوں کے داخلے پر مکمل پابندی عائد

لاہور۔(ملت آن لائن) جنرل ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے شعبہ ایمرجنسی میں تمام ادویہ ساز کمپنیوں کے نمائندوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی اور سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ اس ضمن میں کسی کو بھی استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہئے اس اقدام کا مقصد شعبہ حادثات و آؤٹ ڈور میں مکمل یکسوئی کے ساتھ مریضوں کے علاج معالجے کو یقینی بنانا ہے، مزید برآں یہ احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں کہ شعبہ بیرونی مریضاں میں بھی دن ایک بجے تک میڈیکل ریپ دورہ نہیں کر سکیں گے اور ان احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا، اس حوالےسے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل
امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر محمد طیب اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد مریضوں کو مکمل طور پر ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جس میں انہیں کسی قسم کی مداخلت کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہا کہ شعبہ حادثات میں نازک صورتحال کا سامنا ہوتا ہے اور ادویات بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے آنے سے طبی عملے کی توجہ تقسیم ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ ان انتظامی احکامات کی اگر خلاف ورزی ہوئی تو ڈی ایم ایس آن ڈیوٹی ذمہ دار ہونگے اور انہیں اس کا جواب دہ ہونا ہو گا، پرنسپل اور ایم ایس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنرل ہسپتال کو مثالی علاج گاہ بنانے کیلئے کاوشوں کو جاری رکھا جائیگا اور ہر ایسا قدم اٹھائیں گے جس سے آنے والے ہر مریض کی بہتر سے بہتر خدمت کی جا سکے۔