خبرنامہ پنجاب

جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 173 ارب روپے مختص

لاہور13جون:۔۔۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں میں جنوبی پنجاب میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 173 ارب روپے کی مجموعی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے۔صوبائی وزیرخزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے بجٹ تقریر میں بتایا ہے کہ جنوبی پنجاب کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں میں ملتان میں میٹرو بس سسٹم کا آغاز،رحیم یار خان میں خواجہ فرید انجینئرنگ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ،کیڈٹ کالج،نہر لوئرباری دوآب کی بحالی،چولستان ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ،راجن پور،رحیم یار خان کے لئے دریائے سندھ پر پل کی تعمیر،ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کی اپ گریڈشن اوربہاولپور ویٹرنری یونیورسٹی کا قیام شامل ہے۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے لیپ ٹاپ کی تقسیم میں جنوبی پنجاب کے طلبہ کا 50 فیصد کوٹہ ہے جو آبادی کے تناسب سے 18فیصد زیادہ ہے۔ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے علاقوں میں عوام کی سہولت کے لئے 138 کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے ۔جنوبی پنجاب کے علاقوں میں 10 ہزار گھروں کو شمسی توانائی کے ذریعے روشن کیا گیا۔ڈیرہ غازی خان اور راجن پورکے علاقوں کی ترقی کے لئے 1 ارب 20 کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے۔