جڑانوالہ میں بیوی کے ہاتھوں بے وفا شوہر قتل، آشنا خاتون زخمی
فیصل آباد(ملت آن لائن) بیوی نے غیرت کے نام پر شوہر کو قتل اور آشنا خاتون کو شدید زخمی کردیا۔
جڑانوالہ کے نواحی گاؤں میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں بیوی نے غیرت کے نام پر کلہاڑی کے وار کرکے اپنے شوہر کو قتل اور اس کے ساتھ موجود غیر عورت کو شدید زخمی کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ رقیہ اپنے شوہر غلام قمر کے ساتھ اجنبی خاتون کو دیکھ کر شدید مشتعل ہوگئی اور اس نے کلہاڑی کے پے در پے وار کرکے شوہر کو شدید زخمی کردیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے ملزمہ رقیہ کو گرفتار کرکے قانون کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کو بیان دیتے ہوئے ملزمہ رقیہ نے بتایا کہ اس کے شوہر نے گھر میں اخراجات کے لیے پیسے دینا بند کردیے تھے جس کی وجہ سے شدید تنگی تھی اور غلام قمر اپنے گھریلو ذمہ داریوں سے بھی غفلت کا مظاہرہ کررہا تھا۔
ملزمہ نے بتایا کہ اسے اپنے شوہر پر غیرخاتون کے ساتھ تعلقات ہونے کا شبہ ہوا اور آج وہ دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر غصے پر قابو نہ رکھ سکی اور ان پر کلہاڑی برسا دی جس کے نتیجے میں شوہر موقع پر ہی ہلاک جبکہ ساتھی خاتون شدید زخمی ہوگئی، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔