لاہور:(اے پی پی )تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقہ چک نمبر 75ج ب اڈا سوہل، پینسر کے نزدیک جھنگ فیصل آباد روڈ پر منگل کی رات کے پچھلے پہر تیز رفتار مسافر بس ٹرالر کے ساتھ ٹکراگئی جس کے نتیجے میں عورتوں اور بچوں سمیت19مسافر جاں بحق جبکہ 12زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے بعد بس اور ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔ تھانہ ٹھیکریوالا کے انچارج انوسٹی گیشن اسلم بھٹی نے بتایا کہ رات تقریباً اڑھائی بجے کے قریب لاہور سے براستہ فیصل آباد لیہ جانے والی مسافر بس نمبری BSD-155 تیز رفتار ی کے باعث اڈا سوہل پینسرہ کے نزدیک بہاولپور جانے والے ایک ٹرالر سے جا ٹکرائی۔حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ اس میں 19مسافر جاں بحق جبکہ 12زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ٹھیکریوالا سے پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی مگر بس اور ٹرالر کے ڈرائیورز موقع سے فرار ہوچکے تھے۔ پولیس حکام کے مطابق ڈرائیور بس کو انتہائی تیز رفتاری سے چلا رہا تھا کہ اڈا سول پینسرہ کے نزدیک اچانک ایک گدھا گاڑی اس کے سامنے آگئی۔ ڈرائیور نے گدھا گاڑی کو بچانے کیلئے ایمرجنسی بریک لگائی مگر تیز رفتاری کے باعث بس کنٹرول سے باہر ہوگئی اور بہاولپور جانے والے ٹرالر نمبریLPT-676سے جاٹکرائی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے مرنے والوں کو پوسٹمارٹم کیلئے شعبہ مارچری جبکہ زخمیوں کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کردیا جہاں پانچ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ مرنے والوں میں 50سالہ منظوراں زوجہ مجاہد، اس کی بیٹی 15سالہ سمیعہ دختر مجاہد، 8سالہ عبدالرحمان ولد صابر، اس کا بھائی 10سالہ احمد رضا ولد صابر، 26سالہ آسیہ زوجہ غلام علی، 5ماہ کا اسود ولد غلام علی، 4سالہ شہادت علی ولد غلام علی، 5سالہ عاشر ولد عبدالحمید، 18سالہ کاشف ولد شوکت علی، محمد ندیم ولد محمد علی اور شیراز یعقوب ولد یعقوب مسیح شامل ہیں جبکہ بقیہ مرنے والوں کی شناخت ابھی باقی ہے۔ اسی طرح زخمی ہونے والے مسافروں میں راشد محمود، محمد احسان، محمد اقبال، محمد بوٹا، زیبر حمید، مصباح، محمد زاہد، خادم حسین، آصف، ایرک، پروین اور جمیلہ شامل ہیں۔