خبرنامہ پنجاب

جہانیاں:سی ٹی ڈی کی کارروائی،4 دہشت گرد ہلاک

جہانیاں:(آئی این پی)خانیوال کے قریب جہانیاں میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران دہشتگرد نے خود کو اڑا لیا جس سے چار دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ دو فرار ہو گئے ، محکمہ انسداد دہشتگردی نے لاہور میں دو اور سیالکوٹ میں سات مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائیاں جاری ہیں ، سی ٹی ڈی ملتان نے خفیہ معلومات پر جہانیاں میں اڈہ لکی ٹبی میں آپریشن کیا ، فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جس سے وہ اپنے تین ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا جبکہ دہشتگرد کے دو ساتھی فرار ہو گئے ۔ سی ٹی حکام کے مطابق دہشتگرد ملتان میں حساس مقامات پر بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے، دہشتگردوں سے آٹو میٹک رائفل ، پسٹل اور خودکش جیکٹ برآمد ہوئی ۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے لاہور میں بیدیاں روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ ذرائع کے مطابق پکڑے جانے والے افراد پر کالعدم تنظیم کے ساتھ رابطوں کا شبہ ہے انہیں موبائل فون کال سے ٹریس کیا گیا ۔ سیالکوٹ میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے سول لائنز ایریا میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا ، اس دوران 7 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ سرچ آپریشن کے دوران نقلی شہد بنانے والی 4 فیکٹریاں بھی پکڑی گئیں ، پولیس نے نقلی شہد بنانے میں ملوث 14 افراد کو گرفتار کر لیا ۔