ملتان(ملت آن لائن)رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی سے ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے جب کہ عوام ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب کرینگے۔
رہائی کے بعد ملتان اور مظفر گڑھ میں میڈیا سے بات کرنے پر جمشید دستی کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سے ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک کو 4 بجٹ دے کر لوٹا اب پانچواں بجٹ بھی عوام دشمن ہے۔ اب ان کا وقت آچکا ہے جو اربوں ڈالر چھپائے ہوئے ہیں وہ سب سامنے لائیں گے اور عوام ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب کرے گی۔
جمشید دستی کا کہنا تھا کہ میرا قصور یہ تھا کہ میں نے 26 مئی کو وزیراعظم کے ملک دشمن بجٹ کی کاپیاں پھاڑ دی تھیں، تخت لاہورکے خلاف اور سرائیکی صوبے کی آواز اٹھائی اس لئے جیل جانا پڑا تاہم کرپٹ حکمرانوں کے سامنے نہیں جھکوں گا اور الگ صوبے کی تحریک چلاؤں گا، انہوں نے کہاکہ رانا ثنااللہ سمیت پولیس افسران کے خلاف انشااللہ عدلیہ ضرور کاروائی کرے گی جب کہ عدلیہ نے مکمل انصاف کیا جس پر ان کا شکرگزارہوں،عمران خان سمیت وکلا، سرائیکی وسیب اور شی میل ایسوسی ایشن کا بھرپورشکریہ ادا کرتاہوں۔
جمشید دستی نے کہا کہ میں نے والدہ کی نافرمانی کی جس کی وجہ سےجیل گیا جب کہ آئندہ الیکشن کے فوری بعد شادی کروں گا، میرا میرے معیارکی نہیں لہذا اچھے خاندان میں شادی کروں گا جب کہ شادی پر بھی نواز شریف اور شہباز شریف کو دعوت نہیں دوں گا۔