لاہور(ملت آن لائن)وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی شریف فیملی کے مرحومین سے متعلق بھی ریکارڈ منگوا رہی ہے جس سے لگتا ہے کہ وہ تحقیقات نہیں بلکہ شریف فیملی پر پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں حسین نوازکی تصویر لیک کرنے کا مقصد شریف فیملی کی تضحیک اور ساکھ خراب کرنے کی کوشش کرنا تھا، تصویر لیک کرنے والے کے خلاف اب تک مقدمہ کیوں نہیں درج کرایا گیا۔رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے جے آئی ٹی تحقیقات نہیں بلکہ شریف فیملی پر پی ایچ ڈی کرنا چاہتی ہے مرحومین سے متعلق ریکارڈ اور ان کے مالی گوشوارے منگوائے جارہے ہیں۔ جے آئی ٹی ارکان شریف فیملی پر تھیسس کا ارادہ رکھتے ہیں جے آئی ٹی روز نیا ایشو بناتی رہی تو کہیں سپریم کورٹ کے گلے نہ پڑجائے، سپریم کورٹ کے انتہائی محترم ججز کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔وزیر قانون نے کہا کہ انکوائری ایسے نہیں ہوتی کہ بچوں کے اسکولوں کے سرٹیفکیٹ مانگے جائیں 50 سال کا رکارڈ 24 گھنٹوں میں کیسے پیش کیا جا سکتا ہے، شریف فیملی پر پی ایچ ڈی کرنی ہے تو سب کو بلانے کی ضرورت نہیں صرف شہباز شریف کو بلا لیا جائے، شہباز شریف جے آئی ٹی کے سامنے کئی گھنٹے بیٹھ سکتے ہیں، انہوں نے عزم و ہمت کی داستان رقم کررکھی ہے جو معلومات شہباز شریف سے مل سکتی ہے اور کسی سے نہیں ملے گی ۔