لاہور(ملت آن لائن)تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکمران جے آئی ٹی اور سرکاری اداروں کے ملازمین کو ڈرا اور دھمکا رہے ہیں، اس پر سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہیے۔
پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ ہم حیران ہیں پاناما کیس کو ایک سال ہوگیا لیکن مریم نواز کو اب تک یہ نہیں پتا کہ الزامات کیا ہیں؟
ان کا کہناتھاکہ مریم ماضی میں کہتی رہیں کہ ان کی ملک یا بیرونِ ملک کوئی جائیداد نہیں،آج نئی منطق لائے ہیں کہ ہم پر الزام ہی کوئی نہیں، ن لیگی کی طر ف سے باربار کہا جارہاہے کہ نواز شریف کا احتساب ہوا تو جمہوریت کو خطرہ ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم شروع سے کہہ رہے تھے کہ وزیراعظم کو استعفیٰ دینا چاہیے، حسین نواز نے اپنی کمپنیز کو پانامالیکس سے پہلے تسلیم کرنا شروع کیا،وزیراعظم کے صاحبزادے اربوں روپے کی جائیداد کے مالک ہیں۔
شفقت محمود نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد اسحاق ڈارکے آنکھوں سے شعلے نکل رہے تھے،ہم ڈار صاحب سے پوچھتے کہ وہ بتائیں کہ ارب پتی کیسے بن گئے ؟
ان کا کہناتھاکہ مریم نواز کو اس لیے بلایا گیا کہ انہوں نے کہا ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں،اسحاق ڈار کی بہوکو اس لیے نہیں بلایا گیا کہ انہوں نے کوئی بیان نہیں دیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ والے باربارکہہ رہےہیں کہ قطری کا بیان ریکارڈ کریں،قطری کا خط آپ نےپیش کیا تھا،ان کوپاکستان لانا بھی آپ کی ذمہ داری ہے،قطری آئیں گےتو ٹرانزیکشن کا ریکارڈ ساتھ ہی لائیں گے۔
ان کا کہناتھاکہ یہ سول بالادستی کی جنگ نہیں احتساب کا معاملہ ہے،ان سے انکوائری جےآئی ٹی کرتی ہےاورباہرنکل کر عمران خان پرتنقید کرتے ہیں،لگتا یوں ہے جیسے عمران خان جے آئی ٹی کے ساتھ والے کمرے میں بیٹھ کران کوٹف ٹائم دے رہیں ہیں۔