خبرنامہ پنجاب

حج کرپشن کیس احمد فیض گرفتار: ایف آئی اے

اسلام آباد (آئی این پی)ایف آئی اے نے حج کرپشن کیس میں سابق ڈی جی حج راوشکیل کے فرنٹ مین احمد فیض کو گرفتار کرلیا، سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد نے ملزم احمد فیض کو (آج) منگل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔پیر کو سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد ملک نذیر نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مجرم راؤ شکیل کے فرنٹ مین احمد فیض کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کے خلاف سعودی عرب میں مقیم گواہ کا بیان ریکارڈ کرنا باقی ہے، جبکہ عدالت نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔ جس پر عدالت نے ایف آئی اے کو ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر تے ہوئے سماعت (آج)منگل تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔واضح رہے کہ احمد فیض اس کیس کا آخری ملزم ہے جس کا ٹرائل جاری ہے جبکہ سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی سمیت دیگر 3 ملزموں کو پہلے ہی اس کیس میں سزا ہو چکی ہے۔(اح)