خبرنامہ پنجاب

حسینہ واجد بھارتی ایجنڈے پر:سعدرفیق

لاہور(آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے قائدین کو پھانسی عدالتی قتل ہے جن کے خلاف پاکستان کے دفتر خارجہ کا ردعمل موثر نہیں ہو سکا‘ حسینہ واجد بھارتی ایجنڈے کے مطابق کام کر رہی ہیں ہم اسکے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کر یں گے اور بنگلہ دیشی حکومت کو ایسااقدامات سے روکنے میں ضرور کامیاب ہوں جائیں گے ‘ وہ نہیں چاہتیں کہ بنگلہ دیش میں اسلامی ذہن رکھنے والی حکومت آئے۔ وہ سوموار کے روز لاہورہائیکورٹ میں میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے خطاب میں مزیدکہا کہ بنگلادیش میں پھانسی عدالتی قتل ہے جس کے خلاف پاکستان کے دفترخارجہ کاردعمل موثرنہیں ہوسکالیکن اسکے باوجود ہم خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اسکے خلاف آواز بلندکرتے رہے گے اقوام متحدہ کو بھی اسکا نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد کی حکومت کمزور ہے اور وہ بھارتی ایجنڈے کے مطابق کام کررہی ہیں جس کے باعث انہوں نے اپنے والد کی سیاست کو بھی نقصان پہنچایا وہ نہیں چاہتیں کہ بنگلہ دیش میں اسلامی ذہن رکھنے والی حکومت آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت جمہوریت چلتی رہتی تو ہمارے بنگالی بھائی علیحدہ نہ ہوتے۔