خبرنامہ پنجاب

حکم کی تعمیل نہ کرنے پر چیف ایگزیکٹو لیسکو سے 15 روز میں جواب طلب

لاہور:(آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر چیف ایگزیکٹیو لیسکو قیصر زمان سے 15 روز میں جواب طلب کرلیا ۔ لاہور ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار ٹائون شپ کے لائن سپرنٹنڈنٹ شاہد کریم نے سی ای او لیسکو کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ میرٹ پر آنے کے باوجود ایس ڈی او کے عہدے پر ترقی نہیں دی گئی جس کے بعد ہائیکورٹ نے سی ای او لیسکو کو ایک ماہ میں درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود سی ای او لیسکونے تعمیل نہیں کی لہٰذا توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔ عدالت نے چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان سے 15 روز میں جواب طلب کرلیا ۔