خبرنامہ پنجاب

حکومتی وزراء خوامخواہ واویلہ کرتے رہے: سلطان محمود

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی طرف سے دائر کیے گئے ریفرنسزہمارے قائد عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف الیکشن کمشن کی طرف سے مسترد ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ حکومتی وزراء خوامخواہ واویلہ کرتے رہے اور اسپیکر جوکہ ہاؤس کا کسٹوڈین ہو تا ہے اس کے بعد اب اسے مستعفی ہو جانا چاہیے۔بلکہ قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔آج پی ٹی آئی کی فتح کادن ہے حکومتی وزراء اوراسپیکر کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو الیکشن کمشن نے مسترد کر دیا ہے۔ ابھی تو صرف یہ فیصلہ آیا ہے ابھی اور بھی فیصلے آنے والے ہیں ۔(اب تیرا کیا ہو گا کالیا)ایسے نظر آتا ہے کہ یہ ہفتہ پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین ہفتہ ثابت ہو گا جو کہ مختلف راستوں کا تعین کرے گا اور پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کی ابتداء ہو گی چونکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ پاکستان سے کرپشن ختم ہو گی تو دہشتگردی بھی ختم ہو جائے گی۔پاکستان میں بے شمار ترقی کے مواقع ہیں اور عنقریب عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقیافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو کر ایشین ٹائیگر بنے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج الیکشن کمشن کی طرف سے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف دائر کیے گئے ریفرنسزکو مسترد کرنے پر یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے سیکریٹریٹ میں ہنگامی طور پر بلائی گئی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج جمہوری قوتوں ، اصول پسند اور دیانتدار لوگوں کی فتح کا دن ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نے جو ریفرنسز بھجے تھے وہ الیکشن کمشن نے مسترد کر دئیے۔ نواز شریف کے بھی اب برے دن آنے والے ہیں اور اب بڑے فیصلے آنے والے ہیں۔ نواز شریف کو نہ صرف قانون بلکہ عوامی کٹہرے میں کھڑا کر دیا گیا ہے۔میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہم کشمیری فقیر لوگ ہیں اور جس نے بھی ہم کشمیریوں کے ساتھ زیادتی کی اسے اسکی سزا ملی۔نواز شریف مقبوضہ کشمیر میں مودی کی طرف سے جاری مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور دوسری طرف نواز شریف نے آزاد کشمیرکے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چرایاجسکے مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی تحریک پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔مجھے امید ہے کہ اب وقت تبدیل ہو رہا ہے۔ عمران خان کسی بھی منافقت کی سیاست سے پاک ہے اور آج ملک کو عمران خان جیسے سچے اور کھرے لیڈر کی ضرورت ہے جو کہ ملک کو کرپشن اوراقرباء پروری کی دلدل اور دیگر اندرونی و بیرونی چیلنجز سے باہر نکال سکے اور ملک اقتصادی اور سیاسی منازل طے کر سکے۔انھوں نے کہا کہ الیکشن کمشن نے تو اپنا فیصلہ دے دیا اور اس فیصلے سے ایک واضح پیغام بھی قوم کو دیا گیا کہ جو حکومت اور ہاؤس کا کسٹوڈین بدنیتی اور بددیانتی پر کام کر رہے ہوں اور جس پارٹی کا آوے کا آوہ ہی بگڑا ہوا ہو۔ وہ جمہوریت تو کجا ملکی ترقی میں بھی بڑی رکاوٹ ہے۔ آئندہ کی منزلیں اب آسان ہو نے والی ہیں اور پاکستان سے کرپشن اور جانبداری کی سیاست کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے۔