سرگودھا (ملت + اے پی پی) ایمر جنسی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 غیر معمولی خدمات سرانجام دے رہاہے۔ حکومت ریسکیو 1122 کا دائرہ ضلع سے تحصیل سطح پر بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلہ میں ضلع سرگودہا کے تمام تحصیل ہیڈکوارٹر ز پر ایمر جنسی 1122 کے سٹیشن قائم کئے جارہے ہیں۔ اسی طرح حکومت نے محکمہ ہیلتھ سے13ایمبولینسز لے کر ریسکیو 1122 کے حوالے کر دی ہیں۔ ایک ماہ کے دوران ان ایمبولینسز کے ذریعے حادثات کے شکار او ردیگر ایمر جنسی کے 331 مریضوں کو ہسپتالوں تک پہنچانے میں مدد دی ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے آج ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل )ذوالقرنین لنگڑیال اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ کے علاوہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایمر جنسی بورڈ کو سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے ابھی سے تیاری شروع کرنے کی ہدایت کی ، اسسٹنٹ کمشنرزکو اپنے اپنے علاقوں میں سیلاب کے حفاظتی بندوں کی تعمیر ومرمت کے علاوہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے سازوسامان کاجائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام انتظامات مکمل ہوں۔ انہوں نے سیلاب کے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ایک سب کمیٹی تشکیل دے دی ،جس کی سربراہی اے ڈی سی جی کریں گے دیگر اراکین میں ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر او رمتعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز شامل ہوں گے ۔ سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کیلئے فلڈ ریلیف سنٹر ز اور ان سنٹر ز پر محکمہ ہیلتھ ‘ لائیوسٹاک اور خوراک کے علاوہ دیگر محکموں سے متعلقہ ضروریات کی فراہمی کیلئے انتظامات کا جائزہ کیا گیا ۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی طرف سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ اجلا س میں ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2008ء سے اب تک ریسکیو 1122 کو 32لاکھ 68ہزار 969 کالز موصول ہوئیں جن میں سے ایک لاکھ سترہ ہزار 548ایمر جنسی کالز تھیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس دوران ایک لاکھ سترہ ہزار 548ایمر جنسی کالز پر ایکشن کیاگیا ان میں سے 37 ہزار 317 آرٹی اے کے متعلق تھیں۔ 65 ہزار 81میڈیکل ایمر جنسی او ر20364 آگ لگنے سے متعلق جبکہ چار ہزا ر305کرائم کالز ‘132 ڈوبنے کے کیس ‘ 133 عمارات گرنے ‘ 18 بارود پھٹنے جبکہ 8 ہزار ایک 198 متفرق کالز تھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ اوسط 37کالز وصول ہورہی ہیں ۔ اوسط رسپانس ٹائم 4.8 منٹ ریکارڈ کیاگیاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ اب تک ایک لاکھ پندرہ ہزار 624 مریضوں کو ہسپتال پہنچایا گیاہے جبکہ 24ہزار 171 کو موقع پر طبی امداد دی گئی اور 84ہزار 120 افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا جن میں سے پانچ ہزار 183 اموات کے کیس ‘ 2ہزار 150 سیلاب سے متاثرہ جبکہ دو ہزار 633 افراد کو بچایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمر جنسی 1122 نے تین ارب 80 کروڑ پچاس لاکھ کے نقصان کی بچت کرائی ۔