خبرنامہ پنجاب

حکومت سنجیدہ کاوشیں کررہی ہے: شہباز

لاہور (آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ حکومت ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کررہی ہے،پاکستان میں منفی سیاست کی رتی بھر گنجائش نہیں ، الزام لگانے والوں کو قوم عام اور بلدیاتی انتخابات میں مسترد کر چکی ہے۔وہ پیر کو مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر سینیٹر سلیم ضیا سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پارٹی معاملات اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے مل کر اسے خوشحال اور مضبوط بنانا ہے،مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی پروگراموں میں سندھ سمیت دیگر صوبوں کے طلبا و طالبات کو شامل کرکے قومی یکجہتی ، بھائی چارے اور یگانگت کو فروغ دیا ہے، ترقیاتی منصوبوں میں پندرہ ارب روپے کی شاندار بچت کرکے ایک نئی مثال قائم کی گئی ہے۔(اح)