خبرنامہ پنجاب

حکومت کا قرآن پاک کی تعلیم لازمی قراردینےکا فیصلہ

اسلام آباد:(آئی این پی) وفاقی وزیر تعلیم بلیغ الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے قرآن پاک کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے. اسلامی نظریاتی کونسل میں قرآن کریم کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے وزیرمملکت برائے تعلیم وتربیت اورپروفیشنل ایجوکیشن بلیغ الرحمان نے بتایا کہ پہلی سے پانچویں جماعت تک تمام بچوں کوقرآن پاک ناظرہ پڑھایا جائے گا، چھٹی سے بارہویں جماعت تک طلباء کو قرآن پاک کی ترجمہ کے ساتھ تعلیم دی جائے گی۔ ساتویں سے دسویں جماعت تک قرآن مجید میں بیان کئے گئے واقعات پڑھائے جائیں گے، دسویں سے بارہویں تک مسلمانوں کو دیئے گئے احکامات پر مشتمل صورتیں ترجمے کے ساتھ پڑھائی جائیں گی۔ بلیغ الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہرجماعت میں قرآن مجید کی تعلیم کے لئے 15 منٹ کاخصوصی پیریڈ مختص کیا جائے گا۔ قومی نصاب کونسل کے اجلاس میں صوبوں کو تجاویز فراہم کردی ہیں صوبے تجاویز کاجائزہ لینے کے بعد اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانامحمدخان شیرانی کا کہناتھا کہ وزارت تعلیم کا اقدام احسن ہے، اسلامی نظریاتی کونسل تحقیق میں معاونت اور تعاون کرے گی.