خبرنامہ پنجاب

حکومت کے ’’ پلانٹ فار پاکستان ‘‘پروگرام کے تحت ڈویژن بھر میں شجرکاری کی تحریک کوکامیابی سے ہمکنار کیا جائیگا،کمشنر فیصل آباد

فیصل آباد۔(ملت آن لائن) ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ’’ پلانٹ فار پاکستان ‘‘پروگرام کے تحت ڈویژن بھر میں شجرکاری کی تحریک کو بھر پور طریقے سے کامیابی سے ہمکنار کیا جائے اور ٹارگٹ سے زیادہ پودے لگانے کیلئے ہر ممکن وسائل اور توانائیوں کو بروئے کار لایا جائیگا تاکہ گرین پاکستان کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو سکے ، انہوں نے یہ بات شجرکاری مہم کے سلسلے میں محکمانہ ٹارگٹ پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیومحبوب احمد اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ، اس موقع پر بتایا گیا کہ ان محکموں کو رواں سیزن میں گیارہ لاکھ 92 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں سے مجموعی طور پر 70 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے جس میں محکمہ تعلیم ( سکولز) نے 10 لاکھ پودے لگانے کا بیڑا اٹھایا ہے ،ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے پانچ سال کے عرصہ میں دس ارب پودے لگانے کا اعلان بڑی اہمیت اور افادیت کاحامل ہے جس کو کامیاب بنانے کیلئے متعلقہ ادارے عزم وہمت سے کام کریں اور درخت لگانے کا یہ سلسلہ مسلسل جاری رہنا چاہئے ، انہوں نے تمام محکموں کے اہداف پر عملدرآمد کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بقیہ اہداف کو ماہ ستمبر کے دوران ہر صورت پورا کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ زندگی کی بقاء کیلئے درخت بہت ضروری ہیں جن میں مسلسل اضافہ کرنے کیلئے شجرکاری کے کلچر کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جائے ، انہوں نے سرکاری محکموں سے کہا کہ وہ شجرکاری مہم کو رسم کے طور پر نہ لیں اور نہ ہی اسے بیگار سمجھیں بلکہ خلوص نیت سے اس مہم میں شرکت کرکے قومی و اخلاقی فریضہ ادا کریں ، انہوں نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ‘ سرکاری کالجوں و سکولوں، بنیادی و دیہی مراکز صحت ، ہسپتالوں، لائیو سٹاک ، ڈسپنسریوں ودیگر سرکاری اداروں میں دستیاب جگہوں پر وسیع شجرکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے موسمیاتی تغیر پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ،سرکاری محکموں کو اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کرنا چاہئے ۔