اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے مسلم لیگی وزراء کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیران کن بات یہ ہے کہ پنجاب میں ایسا شخص وزیر قانون ہے جس پر ان کے اپنے ساتھی وفاقی وزیر نے قتل کے الزامات لگائے۔ ایک بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرم تاحال قانون کی گرفت میں نہیں آئے۔ صاف نظر آرہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے سامنے قانون پانی پانی ہو جاتا ہے اس لئے رانا ثنا اللہ جیسے لوگ اپنے قد سے بڑھ کر بیان بازی کرتے ہیں کیونکہ انہیں اس بات پر گھمنڈ ہوتا ہے کہ قانو اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے قومی احتساب بیورو کو بھی گلو بٹ بنا دیا ہے جو مسلم لیگ(ن) کے ایماء پر انتقامی کارروائیاں کرتا ہے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ موجودہ قومی احتساب بیورو سیف الرحمن کے احتساب بیورو سے قطعی طور پر مختلف نہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایسا وقت بھی آیا تھا کہ جب سیف الرحمن کی ساری اکڑ خاک میں مل گئی تھی اور آنسو بہاتے ہوئے آصف علی زرداری سے معافی مانگی تھی۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کے بعد نیب اب شرجیل میمن کو انتقام کا نشانہ بنانا چاہتا ہے۔