خانیوال ۔(اے پی پی) خانیوال کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل ‘کیش او رموبائل چھیننے والا عدیل گینگ کے سرغنہ کوساتھی سمیت گرفتارکر لیا گیا جبکہ چھینے گئے موٹر سائیکل ‘کیش، 4لاکھ 13ہزار روپے مالیت کے موبائل اور زیر استعمال اسلحہ برآمد کرکے مقدمات کا اندراج کرلیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عدیل گینگ کے ارکان کچھ عرصہ سے تھانہ سٹی خانیوال ‘تھانہ صدر خانیوال اور تھانہ کہنہ خانیوال کے علاقوں میں موٹر سائیکل کیش اور موبائل چھیننے کی وارداتیں کررہے تھے۔ مدعی کی درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے ایس ایچ او سٹی خانیوال کو دفتر طلب کیا اور ایس ایچ او سٹی خانیوال کی نگرانی میں گینگ کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دی۔ جسکے بعد ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔ڈی پی او نے بتایا کہ گرفتارملزمان میں عدیل ولد سکندراور اس کا ساتھی عثمان ولد محمد ذکی شامل ہیں ‘ملزمان نے دوران تفتیش درجن کے قریب وارداتوں کا اعتراف کیا ۔ ڈی پی او نے بتایا کہ ملزمان سے 3 موٹر سائیکل ‘کیش او رموبائل مالیتی 4لاکھ13ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں جبکہ وارداتوں کے دوران استعمال ہونیوالا اسلحہ پسٹل 30بور 2 عدد اور درجن سے زائد گولیاں برآمد کرکے ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ڈی پی او نے گینگ کی گرفتاری پر مامور ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی سر ٹیفکیٹ دئیے جانے کے احکامات جاری کیے ہیں ۔