اسلام آباد:(آئی این پی)وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی سی ایل کو دھمکی دے دی اگرواجبات ادا نہ کئے گئے تو ریلوے کی زمین سے گزرنے والی پی ٹی سی ایل لائنیں کاٹ دی جائیں گی ،سردارفتح محمد کہتے ہیں،آٹھ سو ملین ڈالرکی ادائیگی پراسحاق ڈارکی خاموشی سمجھ سے بالاترہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس سردار فتح محمد کی صدارت میں ہوا ، سیکریٹری خزانہ وقارمسعود نے پی ٹی سی ایل اوراتصالات اراضی تنازع پربریفنگ دی ، سیکریٹری خزانہ کا کہنا تھاکہ حکومت نے اتصالات کی تمام شرائط پوری کردی ہیں تاہم اتصالات نے 800 ملین ڈالردینے ہیں اورادائیگی کیلئے سستی کر رہی ہے۔ وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کمیٹی کو بتایا کہ نادرشاہی حکم کے ذریعے ریلوے زمین اتصالات کو دی گئی تنازع کے باعث ریلوے کے 13ارب روپے پھنسے ہیں، پی ٹی سی ایل کی قیمت ریلوے ادا کررہاہے وزیرریلوے نے معاملات حل نہ ہونے کی صورت میں ریلوے زمین سے گزرنے والی پی ٹی سی ایل لائنیں کاٹنے کی دھمکی دیے دی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ احتساب کرنے والے ادارے کہاں ہیں غلط معاہدہ کرکے ملک کولوٹا گیا 800 ملین ڈالرکی ادائیگی پراسحاق ڈارکی خاموشی سمجھ سے بالاترہے،جاننا چاہتے ہیں اتصالات ادائیگی کیوں نہیں کر رہی تین ماہ میں ریلوے کو13ارب ادائیگی نہ کی گئی تووزارت خزانہ کے خلاف کارروائی کریں گے۔