خبرنامہ پنجاب

خود مختارمیڈیکل انسٹیٹیوشنزکےاختیارات میں اضافہ: وزیراعلی پنجاب

لاہور(آئی این پی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی حتمی منظوری کے بعد محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے صوبے کے خود مختار میڈیکل انسٹی ٹیوشنز ،ہیڈ آف دی انسٹی ٹیوشنز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے انتظامی و مالی اختیارات میں اضافہ کر دیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔سیکرٹری سپشلائز ڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے حکومت نے پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوشنز رولز 2003ء کے شیڈول (V&VI)میں ترمیم کی ہے ۔نجم شاہ کا کہنا تھا کہ خود مختار میڈیکل انسٹی ٹیوشنز کے سر براہان اور ایم ایس حضرات کو مالی اور انتظامی اختیارات دینے کا مقصد اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور ہیلتھ کیئر سروس،ڈیلیوری سسٹم کی خامیاں دور کر کے ایک متحرک نظام وضع کرنا ہے تا کہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔نوٹیفیکیشن کے مطابق خود مختار ہسپتالوں ،سپیشلائزڈ انسٹی ٹیوشنز کے بورڈ آف مینجمنٹ کو جہاں مکمل اختیار دیا گیا ہے وہیں پرنسپلز ،ہیڈ آف انسٹی ٹیوشنز اور ایم ایس حضرات کو بہت سے انتظامی اور مالی امور میں با اختیار بنا دیا گیا ہے ۔اپنے ہسپتال کے لئے پرنسپل اور ایم ایس کو پرچیز کمیٹی کے ذریعے بالترتیب 40لاکھ اور 30لاکھ روپے تک کی ادویات بلک پرچیز کی مد میں خریدنے کا اختیار دیا گیا ہے اسی طرح لوکل پرچیز کی صورت میں پرنسپل اور ایم ایس 5لاکھ اور 2لاکھ روپے تک کی ادویات خریدنے کا مجاز ہو گا ۔پرنسپل کسی ملازم کو ایک سال کی رخصت دے سکے گا تاہم ایکس پاکستان لیو کی صورت میں متعلقہ قوانین کا اطلاق ہو گا ۔پرنسپل او رایم ایس کو با لترتیب 40لاکھ اور 30لاکھ کے ایڈمنسٹریٹو اور فنانشل سینکشن کی پاور ہو گی ۔ہسپتال میں فوری نوعیت کے تعمیراتی کام کے لئے پرنسپل 15لاکھ روپے اور ایم ایس کو 10لاکھ روپے کے تعمیراتی میٹریل خریدنے کا با اختیار ہو گا ۔علاوہ ازیں پرنسپل اور ایم ایس 20لاکھ اور10لاکھ روپے تک کنسلٹنٹ یا فرم ہائر کرنے کے لئے با اختیار ہونگے تاہم مذکورہ شخص یا فرم کا پی اینڈ ڈی کے پاس رجسٹرڈ ہونا لازمی ہو گا ۔مزید براں کمپیوٹرز ،ہارڈ ویئر ،سافٹ ویئر ،فوٹو سٹیٹ مشین وغیرہ کی خریداری کے لئے پرچیز کمیٹی کی منظوری کے ساتھ 20لاکھ روپے تک خرچ کرنے کی پاور ہو گی ۔پرنسپل اور ایم ایس 40لاکھ اور30لاکھ روپے تک کی مشینری کی خریداری کی منظوری دے سکیں گے جس کے لئے پروکیو منٹ پروسیجر پر عملدر آمد ضروری ہو گا ۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ خود مختار اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اداروں کے پرنسپلز اور ایم ایس صاحبان کو اختیار مل جانے سے مذکورہ ہسپتالوں کے لئے جلد اوربہتر فیصلے کرنے کے لئے اب تاخیر نہیں ہو گی اور افسران کو ہر کام کی منظوری کے لئے بورڈ آف مینجمنٹ یا محکمے کے جانب نہیں دیکھنا ہو گابلکہ فوری نوعیت کے فیصلے خود کر سکیں گے جس سے اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی ۔