دوہری شہریت اور اثاثے چھپانے والے فریقین سے جواب طلب
لاہور(ملت آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے کاغذات نامزدگی میں دوہری شہریت اور اثاثے چھپانے والے سینیٹرزکے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن،ریٹرننگ افسر اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزارجوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت کاغذات نامزدگی کے فارم اے اور بی میں سیاستدانوں کو اثاثے چھپانے کی اجازت دی گئی،الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سیاستدان کو قرضے، فوجداری مقدمات، دہری شہریت چھپانے کی اجازت دے دی گئی جو کہ آئین کے آرٹیکل 62اور 63سے متصادم ہے،انہوں نے استدعا کی کہ کاغذات نامزدگی میں حقائق اور اثاثہ جات چھپانے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو کالعدم قرار دیا جائے،جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن،ریٹرننگ افسر اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
ڈاکٹر فرح ملک کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کالعدم قرار دینے کی درخواست پر پی یوکے وی سی سے جواب طلب
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فرح ملک کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کالعدم قرار دینے کی درخواست پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے جواب طلب کر لیا،عدالت کے روبرو درخواست گزارڈاکٹر رافع رفیق کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے قوانین اور قواعد کو نظر انداز کرتے ہوئے ڈاکٹر فرح ملک کو پنجاب یونیورسٹی سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ مقرر کر دیا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فرح ملک کی تعیناتی سے قبل سینڈیکیٹ کی منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی، انہوں نے کہا کہ جونیئر کو سربراہ تعینا ت کر کے سینئر پروفیسرز کی حق تلفی ہوئی ہے جو کہ آئین کے تحت بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ڈاکٹر فرح ملک کی تعیناتی کالعدم قرار دے اور حتمی فیصلہ آنے تک کام سے روکنے کا حکم دے، جس پر عدالت نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔