خبرنامہ پنجاب

دھرنے کو روکنے کی دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کا فل بنچ کی تشکیل

لاہور۔24 اکتوبر(ملت + اے پی پی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے تحریک انصاف کا2 نومبر کا دھرنا روکنے کی دائر درخواست پر فل بنچ تشکیل دیدیا۔ جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں فل بنچ 26 اکتوبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔ بنچ میں جسٹس انوارالحق اور قاسم خان شامل ہیں۔ درخواست گزار لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی جانب سے سینئر قانون دان اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کررکھی ہے۔ درخواست میں تحریک انصاف کے 2 نومبر کے اسلام آباد احتجاج کو روکنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 30 ستمبر کو اپنی تقریر میں اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دی، جو غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے ،عمران خان تھرڈ ایمپائر کے ذریعے حکومت گرانے کی مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر اسلام آباد بند کیا گیا تو پارلیمنٹ، سپریم کورٹ، کیبنٹ سیکریٹریٹ اور تمام سرکاری محکمے بھی بند ہوجائیں گے، درخواست گزار کے مطابق آزادی اظہار رائے کا مطلب ملکی سالمیت کو خطرہ میں ڈالنا نہیں ہے، جوڈیشل کمیشن بھی عمران خان کے دھاندلی کے الزامات کو غلط ثابت کرچکا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانون کے مطابق اپوزیشن، ریاست کے تابع ہے، وہ ریاست کی نمائندہ حکومت کو ہٹانے کی کوشش نہیں کرسکتی لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ عمران خان کو سپریم کورٹ، کیبنٹ سیکرٹریٹ، محکمہ خارجہ اور دوسرے اہم ادارے بند کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔