خبرنامہ پنجاب

دھند چھا گئی: حدنگاہ صفر، فلائٹ شیڈول متاثر

لاہور: (ملت+اے پی پی) ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، موٹروے پر دھند کے باعث حدنگاہ صفر ہونے پر موٹروے کو لاہور سے شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں، سیال موڑ اور فیصل آباد تک بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ رات کے وقت اور دھند کے دوران غیرضروری سفر سے گریز کیا جائے اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے اور کسی مشکل صورت حال میں شہری ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ دھند کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کی آمدورفت کا سلسلہ معطل ہو گیا ہے اور آنے والی پروازوں کو متبادل روٹس پر موڑ دیا گیا ہے۔