خبرنامہ پنجاب

دھند کے باعث ایک شخص جاں بحق، 32 زخمی

لاہور:(ملت+آئی این پی) پنجاب میں دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ32 زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حادثات رونما ہوئے ۔ پسرور میں ڈسکہ روڈ پر زائرین سے بھری کوچ الٹنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ پچیس زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے سات کی حالت تشویشناک ہے۔ پنڈی بھٹیاں میں لاہور روڈ پر سیکھکی کے قریب دھند کے باعث بس مخالف سمیت سے آنے والے ٹرک سے جاٹکرائی۔ حادثے میں سات افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ لاہورسمیت پنجاب بھر میں دھند کا راج رہا جس کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے بند کردیا گیا۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ موٹر وے حکام نے لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کیا۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا ۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگلے پانچ روز تک موسم میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ۔