خبرنامہ پنجاب

دھند کے باعث مخلتلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق

لاہور/گوجرانوالہ/بورے والا: (ملت+اے پی پی) پنجاب کے مختلف اضلاع دھند کی لپیٹ میں آ گئے۔ حدنگاہ صفر ہونے پر موٹروے کو لاہور، شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ تک کے لئے عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ گوجرانوالہ میں دھند نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا۔ شدید دھند کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔ نیشنل ہائی وے پر بھی دھند کا راج ہے۔ پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال اور میاں چنوں کے علاقوں میں بھی دھند نے نظام زندگی کو متاثر کر دیا۔ بعض مقامات پر حدنگاہ صفر ہونے سے مسافروں کو آمد و رفت میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ موٹروے پولیس کی جانب سے ڈرائیور حضرات کو گاڑیوں کی رفتار کم رکھنے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شدید دھند کی وجہ سے لاہور اور فیصل آباد میں فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق دھند میں کمی آنے پر فلائٹ آپریشن بحال کر دیا جائے گا۔ دریں اثناء، پنجاب میں دھند نے جانیں لینا شروع کر دی ہیں، مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ حادثات کا سبب حدنگاہ کم ہونا ہے۔ بورے والا میں موٹر سائیکل کی گدھا گاڑی سے ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد دم توڑ گئے۔