فیصل آباد:(اے پی پی )حکومتی ہدایا ت کی روشنی میں محکمہ ماحولیات نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف آپریشن کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتا یا کہ قبل ازیں متعدد بار ٹرانسپورٹ مالکان کو سختی سے ہدائت کی گئی تھی کہ و ہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں ، بسیں ، ٹرک ، لوڈر مزدے ، ڈالے ، رکشے ، ہائی ایس ویگنیں درست کروائیں لیکن کسی نے بھی ان ہدایا ت کی جانب توجہ نہ دی جس پر محکمہ ماحولیات نے مذکورہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ پہلے مرحلہ میں ان گاڑیوں کے چالان کر کے انہیں جرمانہ کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلہ میں یہ گاڑیاں تھانوں میں بند کر دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی اور ان فٹ گاڑیاں عوامی وانسانی صحت کیلئے شدید خطرہ ہیں جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔