لاہور (ملت + آئی این پی) سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ دہشت گردامن اور کر پشن کر نیوالے ملکی ترقی کے دشمن ہیں‘پاکستان کو امن کیساتھ ساتھ ترقی اور خوشحالی کی بھی سب سے زیادہ ضرورت ہے جسکے لیے تحر یک انصاف ہر فورم پر جنگ لڑ رہی ہے ‘کسی کو بھی احتساب اور آئین وقانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے ‘ عمران خان اپنے نہیں قومی مفادات کیلئے جد وجہد کر رہے ہیں وہ ضرور کامیاب ہوں گے۔ اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کر پشن اور لوٹ مار کی موجودگی میں پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان نہیں بنایا جا سکتا اگر ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا ہے تواس کیلئے ملک میں کر پشن کو جڑوں سے ختم کر نا ہوگا ورنہ مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمنوں اور کر پٹ لوگوں میں کوئی فرق نہیں دونوں ملک اور عوام کی ترقی میں رکاوٹ ہیں اس رکاوٹ کو ہر صورت ختم ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے نہیں قومی مفادات کیلئے لڑ رہے ہیں کیونکہ اگر ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر نا ہے تواس کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں کسی کو بھی قانون اور آئین سے بالاتر نہیں ہو نا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ملک سے خاتمہ یقینی ہو چکا ہے اور قوم متحد ہے ۔