خبرنامہ پنجاب

دہشت گردی کا خدشہ؛ لاہورریلوےاسٹیشن بند

لاہور: (آئی این پی) دہشت گردی کے خدشے کے باعث رات گئے لاہور ریلوے اسٹیشن کو بند کر دیا گیا۔ ریلوے اسٹیشن کی تمام بتیاں بجھا دی گئیں جبکہ پارکنگ بھی خالی کرا لی گئی۔ ریلوے اسٹیشن کے داخلی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ اس دوران مسافروں کو اسٹیشن کے اندر نہیں آنے دیا گیا۔ دوسری جانب شہر کی چار ڈویژنز میں پولیس نے سرچ آپر یشن کیا۔ شاہدرہ، جوہر ٹاون، رائے ونڈ، بادمی باغ اور نولکھا کے علاقے میں پولیس نے مشتبہ افراد کی چیکنگ کی جبکہ ریسٹ ہاؤسز، ہوٹلز، پارکس اور بس اڈوں کی بھی چھان بین کی گئی۔ رائے ونڈ تبلیغی مرکز، بادامی باغ، بلال گنج، شاہدرہ، چونگی امرسدھو اور دیگر علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔ ادھر علامہ اقبال ٹاوُن ڈویژن میں پولیس نے 7 مشتبہ افراد کو زیر حراست لے لیا۔ پولیس نے پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کے آس پاس کے علاقوں میں فلیگ مارچ کیا۔