لاہور(آئی این پی ) وزیراعلی شہباز شریف نے کہاہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پوری پاکستانی قوم یکجا اور متحد ہے۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے سانحہ گلشن اقبال پارک پر مذمت کی گئی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے برطانیہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی اقوام عالم کامشترکہ مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا ہے، سانحہ گلشن اقبال پارک تاریخ کا ایک بدترین واقعہ ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پوری پاکستانی قوم ایک بار پھریکجا اورمتحد ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی اورانتہاء پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے