خبرنامہ پنجاب

رائیونڈ اجتماع، شہریوں کی مدد اور ٹریفک کی روانی کیلئے کنٹرول روم قائم

لاہور۔25 اکتوبر(ملت + اے پی پی ) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے3تا6نومبرکو ہونے والے سالانہ تبلیغی اجتماع رائیونڈکے پہلے مرحلے میں شرکت کرنیوالوں کی پنڈال تک باآسانی رسائی،مدد اور گاڑیوں کی پارکنگ کے انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے سینئر ٹریفک افسران کے ہمراہ وزٹ کیاعلاوہ ازیں انہوں نے اجتماع کے موقع پرا ضافی نفری مامور کرنے کے ساتھ ساتھ عارضی کنٹرول روم قائم کرنے کا حکم بھی دیا تاکہ ٹریفک کی روانی یقینی بناتے ہوئے شہریوں کی بروقت امداد کی جاسکے۔وزٹ کے دوران انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ رانگ پارکنگ کے خاتمے کو یقینی بنائیں،رانگ پارک کی گئی گاڑیوں کو فوری طورپر لفٹر کی مدد سے ہٹایا جائیگا اور شرکاکو تنبیہ کریں کہ ٹریفک کی موثر روانی کیلئے اپنی گاڑیوں کومختص کردہ پارکنگ اسٹینڈز کے علاوہ کہیں پارک مت کریں۔ انہوں نے کہاکہ شرکاء کی موٹر سائیکلوں،کاروں،منی مزدا بسوں،بڑی بسوں اور ٹرکوں کیلئے علیحدہ علیحدہ پارکنگ اسٹینڈز قائم کئے جائیں تا کہ آنے والے شہریوں کو کوئی ٹریفک پرابلم نہ ہو۔انہوں نے ڈی ایس پی صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ ڈائیورشن پوائنٹس اورروٹس پر مسلسل گشت جاری رکھیں، روٹس پرکوئی بھی گاڑی خراب ہونے کی صورت میں اُسے فوری بریک ڈاؤن کی مدد سے ہٹاتے ہوئے ٹریفک کو رواں دواں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شرکاء اور شہری ٹریفک پلان ، متبادل روٹس اور مدد کیلئے سٹی ٹریفک ہیلپ لائن1915پر کا ل کر سکتے ہیں۔