راجن پور(اے پی پی )چھوٹو گینگ کے خلاف جاری آپریشن کے گیارہویں روز پولیس کچا جمال میں داخل ہوگئی ۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔ راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف جاری آپریشن میں پولیس کو گیارہ روز بعد کامیابی حاصل ہوئی ہے جب انہوں نے صبح تین بجے اپنے ڈیڑھ سو سے زائد جوان کشتیوں کے ذریعے کچہ جمال میں داخل ہوئے جہاں پر اس وقت ڈاکوؤں اور پولیس کے جوانوں کے درمیان شدید فائرنگ جاری ہے ۔ فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے جن کی میتیں شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان منتقل کی گئی ہیں ۔ گھنے جنگل کے باعث پولیس کو پیش قدمی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ایلیٹ فورس آپریشن میں فرنٹ لائن پر حصہ لے رہی ہے جبکہ رینجرز کی جانب سے مسلسل مارٹر گولے فائرکیے جا رہے ہیں ۔ پولیس ذرائع کچی جمال میں داخلے کے بعد پرامید ہیں کہ جلد ہی جرائم پیشہ عناصر اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے ۔