راولپنڈی: ( اے پی پی ) بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے ملازمین کا احتجاج جاری ، 18 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں تاہم اسلام آباد میں قومی ایئرلائن کے دفاتر کھل گئے ۔ ایئرپورٹ پر دفعہ 144 نافذ ، ملک بھر میں دو سو سے زائد ملازمین کو شوکاز نوٹس دیدیئے گئے ۔ پی آئی اے ملازمین کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کا سخت ایکشن ، اسلام آباد ایئرپورٹ اور گرد و نواح میں دو روز کیلئے دفعہ 144 نافذ ۔ 225 ملازمین کو لازمی سروس ایکٹ کے تحت شوکاز نوٹس ۔ ہڑتال کے باعث ڈیڑھ درجن پروازیں منسوخ ۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے خصوصی کمیٹی کی ہدایت پر کراچی کے 64 اسلام آباد 66 ، لاہور 50 اور پشاور کے 45 افسروں اور اہلکاروں کو دفاتر اور گھروں کے پتے پر نوٹسز بھجوائے ہیں ۔ 72 گھنٹے کے اندر جواب نہ دینے والوں کے خلاف فوری ڈسپلنری ایکشن ہوگا ۔ راولپنڈی انتظامیہ نے بینظیر ایئرپورٹ پر دفعہ 144 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے کچھ احتجاجی ملازمین کو گرفتار کر لیا تاہم بعد میں چھوڑ دیا ۔ ڈی سی او ساجد ظفر ڈال کے مطابق ضرورت پڑنے پر دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کی جا سکتی ہے ۔