خبرنامہ پنجاب

راولپنڈی میں گھرسےمیاں بیوی اوردوبیٹیوں کی لاشیں برآمد

راولپنڈی: (آئی این پی ) پولیس کو اڈیالہ روڈ پر واقع ایک گھر سے میاں بیوی اور ان کی 2 بیٹیوں کی لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ۔ راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر ڈھوک پہاڑیاں میں اہل علاقہ کی اطلاع پر پولیس نے ایک گھر میں کارروائی کرتے ہوئے 4 لاشیں برآمد کرلیں جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ پولیس نے لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق مرنے والے میاں بیوی اور ان کی دو بچیاں ہیں۔ جن کی شناخت گھر کے سربراہ شیر افضل اور اس کی اہلیہ آسیہ سے ہوئی ہے جبکہ ان کی بیٹیوں میں 18 سالہ شیما بی بی اور 14 سالہ عیزہ بی بی شامل ہیں۔ گھر سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے ، لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مقتولین کے عزیز و اقارب سے تفتیش کے بعد واقعے کی وجوہات اور ملزمان کا تعین ہوسکے گا۔