راولپنڈی(آئی این پی)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ راولپنڈی وچکلالہ کینٹ کے علاقے مسلم لیگ ن کا گڑھ ہیں،کینٹ کے عوام کے مسائل حل کرنا وفاقی و پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے جس طرح گزشتہ کینٹ کے بلدیاتی الیکشن میں یہاں کے عوام نے مسلم لیگ ن کو کلین سوئیپ کرایا تھا اسی طرح ان علاقوں میں موجود تمام مسائل عوام کی دہلیز پر حل کرینگے کینٹ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑینگے جلد ہی کینٹ کے ہر ممبر کیلئے ایک ایک کروڑ روپے کا ترقیاتی فنڈ جاری کراؤں گا۔وہ پنجاب ہاؤس میں ایم این اے ملک ابرار کی قیادت میں آنیوالے ممبران کینٹ بورڈ راولپنڈی کے وفد سے دوران ملاقات گفتگو کررہے تھے ۔وفد میں ملک ابرار کے ہمراہ ممبران کینٹ بورڈ رشید خان اور ملک منصورافسر بھی شامل تھے،اس موقع پر ایم این اے ملک ابرار احمد نے حمزہ شہباز کو کینٹ کے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بتایا جس پر حمزہ شہبازکاکہنا تھا کہ کینٹ کے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے کے ہر ممکن اقدامات کرینگے آئندہ قومی الیکشن سے قبل کینٹ کے عوام کو درپیش تمام مسائل حل کردینگے ،پنجاب کی حکومت ویسے بھی راولپنڈی میں بہت سے میگا پراجیکٹ مکمل کراچکی ہے اور آئندہ بھی راولپنڈی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ میں اپنی طرف سے پنجاب اور وفاقی حکومت سے ایک ایک کروڑ روپیہ فی ممبر کیلئے ترقیاتی فنڈز جاری کرانیکا وعدہ کرتا ہوں انشاء اللہ جلد فنڈ جاری ہونے سے کینٹ کے علاقوں کے ممبران اپنی اپنی وارڈ کے عوام کے مسائل حل کرنے میں سرخرو ہونگے۔