خبرنامہ پنجاب

راولپنڈی: پنجاب بینک کا لنک ڈاؤن ہونے پرصارفین مشتعل ہوگئے

راولپنڈی (آئی این پی) راولپنڈی میں لیاقت روڈ پر پنجاب بینک کا لنک ڈاؤن ہونے پر صارفین مشتعل ہو گئے اورشدید احتجاج کرتے ہوئے روڈکوہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کردیا، بینک ترجمان نے کہا کہ پنجاب بینک کی اے ٹی ایم کا لنک ڈاؤن نہیں ہے ، کسی بھی اے ٹی ایم سے پیسے نکلوائے جاسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو بینکوں کا آخری ورکنگ ڈے ہونے کی وجہ سے بینکوں میں صارفین کا رش لگ گیا اور لوگ دھڑا دھڑ رقم نکلوا تے رہے لیکن انہیں اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب پنجاب بینک کا لنک ڈاؤن ہوگیا اور لنک ڈاؤن ہونے کے بعد صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بینکوں کے باہر لوگوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، کافی تگ و دو کے بعد لنک بحال نہ ہونے پر صارفین مشتعل ہوگئے اور لیاقت روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا۔دوسری طرف پنجاب بینک کے ترجمان نے بینک کا لنک ڈاؤن ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بینک کی اے ٹی ایم کا لنک ڈاؤن نہیں ہے اور کسی بھی اے ٹی ایم سے پیسے نکلوائے جاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں کھاتے دار دوسرے بینکوں سے بھی پیسے نکلواسکتے ہیں، بینکوں میں ملازمین اور پنشنرز کا رش بڑھ گیا لیکن ہر کھاتے دار کوباری پرپیسے ملیں گے۔(اح)