خبرنامہ پنجاب

رحیم یارخان ،ظالم وڈیرے نے چوری کے شبے میں چار لوگوں کے پیر کھولتے تیل سے جلا ڈالے

رحیم یار خان(آئی این پی ) رحیم یار خان کے گاؤں چک 153 پ میں بااثر زمیندار نے نوعمر لڑکی سمیت 4 افراد کو چوری کے الزام میں سزا کے طور پر کھولتے ہوئے تیل کے اوپر چلنے پر مجبور کیا۔ چند دن قبل زمیندار کے گھر سے زیورات اور پیسے چوری ہوئے۔ زمیندار نے گاؤں کے رہائشی 24 سالہ کاشف، 21 سالہ شہزاد، 19 سالہ عاصم اور14 سالہ سعدیہ پر چوری کا شبہ ظاہر کیا جس کے بعد جعلی روحانی عامل شوکت کے مشورے پر زمیندار نے چاروں افراد کو اپنے گھرپر بلوایا اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے انھیں کھولتے ہوئے تیل پر چلنے پر مجبور کیا۔زمیندار نے مذکورہ افراد کو بتایا کہ جو لوگ چوری میں ملوث نہیں ہیں، ان کے پاؤں تیل سے نہیں جلیں گے اور صرف یہی نہیں زمیندار نے ان خوفزدہ افراد سے یہ بھی کہا کہ جس کے پاؤں تیل سے جل گئے، اسے چوری ہونے والے زیورات اور کیش رقم واپس کرنی پڑے گی۔جب کھولتے ہوئے تیل پر چلنے کی وجہ سے چاروں کے پاؤں جل گئے تو زمیندار نے ان کے بڑوں کو بلوایا اور ان سے زیورات اور رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا جس کے بعد ان افراد کے اہلخانہ نے پولیس کو مطلع کیا پولیس نے زمیندار محسن کے گھر پر چھاپہ مارا، تاہم وہ روحانی بابا اور اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔واقعے کے بعد صادق آباد پولیس نے محسن، شوکت، مکرم، مدثر، عاطف اورریاض کے خلاف دفعہ 324، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔