رحیم یار خان/کشمور (آئی این پی )رحیم یار خان اور کشمور میں ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 10زخمی ہوگئے ۔رحیم یار خان میں بس اور ٹرالر میں تصادم سے 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے جبکہ کشمور میں مسافر کوچ سے تصادم میں تین کار سوار جاں بحق ہو گئے۔ منگل کو پولیس کے مطابق رحیم یار خان میں نیشنل ہائی وے پر بس اور ٹرالر میں ہونے والے تصادم سے 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ دوسری جانب کشمور میں انڈس ہائی وے پر مسافر کوچ اور کار کے تصادم میں 3 کار سوار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ کار سوار افراد کی شناخت عبدالعزیز، صاحب خان اور وزیر کے نام سے ہوئی اور ان کا تعلق کندھ کوٹ سے تھا۔ پولیس نے کوچ کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے کوچ قبضہ میں لے لی۔